لاہور (نامہ نگار) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حضرت علی ہجویریؒ کا مزار روحانی سکون، برداشت اور ہم آہنگی کا عظیم مرکز ہے۔ زائرین کی خدمت قومی ذمہ داری ہے۔ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات، سکیورٹی، صفائی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ داتا دربار کے تقدس، تاریخی ورثے اور روحانی ماحول کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مزار حضرت علی ہجویریؒ (داتا دربار) کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ان کے ساتھ موجود تھے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال ملک بھر سے اور بیرونِ ملک سے لاکھوں زائرین داتا دربار آتے ہیں، حکومت اس بات کے لیے پْرعزم ہے کہ زائرین کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ مزار کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت کو مکمل طور پر برقرار رکھا جائے۔ اس سے قبل میاں نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مزار پر فاتحہ خوانی کی، چادر چڑھائی اور پھول نچھاور کیے۔ انہوں نے ملک اور قوم کے امن، سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ داتا دربار کی توسیع و ترقی اہم اور تاریخی منصوبہ ہے۔ سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اوقاف شاہد کلیانی، ایڈمنسٹریٹر محمد علی خان سمیت دیگر افسران اور منیجرز بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو داتا دربار کے توسیعی منصوبے اور جاری ترقیاتی کاموں کی تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کام کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
