گڑھاموڑ میں الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز کا اتحاد، EMRA کا قیام خوش آئند قرار
گڑھاموڑ میں رجسٹرڈ الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ رپورٹرز نے ایک مشترکہ پلیٹ فارم الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن (EMRA) قائم کر لیا، جسے علاقے کے صحافتی، سماجی اور شہری حلقوں کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ تنظیم کے قیام کے ساتھ ہی عہدیداران کا باقاعدہ اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نسیم شہزاد (رپورٹر سچ نیوز) کو صدر جبکہ چوہدری ارشاد ساجد گجر (رپورٹر ایکسپریس نیوز) کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے۔
اسی طرح تنظیم کے دیگر ممبران میں: چوہدری ساجد علی روہی (24 نیوز)،چوہدری منظور جٹ (اے بی این نیوز)،نوران لیاقت (92 نیوز)،حافظ عزیز الرحمن (ایک نیوز)،رانا اکرام شاہد (کوہ نور نیوز)،شہزاد گجر (ٹی وی ٹو ڈے)اور چوہدری ضمیر اکبر جٹ (پبلک نیوز، گڑھاموڑ) شامل ہیں۔
شہریوں، سول سوسائٹی اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ رپورٹرز کا اس طرح ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ایک خوش آئند پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف صحافتی اقدار کو فروغ ملے گا بلکہ علاقے کے مسائل اور محرومیوں کو بہتر انداز میں اجاگر کرنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ صحافی برادری کا اتحاد علاقے کے عوام کی آواز کو مؤثر انداز میں اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گا، جس سے عوامی مسائل کے حل میں بھی مدد ملے گی۔سول سوسائٹی، شہری حلقوں اور دیگر طبقات نے نو منتخب صدر، جنرل سیکرٹری اور تمام کابینہ ممبران کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے کہ یہ پلیٹ فارم علاقے کی ترقی اور بہتری میں مثبت کردار ادا کرے گا۔
