وہاڑی (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت پری فلڈ انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات، متعلقہ محکموں کی تیاریوں، ہنگامی پلان اور دستیاب وسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گزشتہ سال سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات بارے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی و انتظامات مکمل رکھے جائیں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کو ہر صورت مکمل رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے تجربات کو مدنظر رکھ کر سیلاب سے نمٹنے کیلئے مزید بہتر حکمت عملی سے اقدامات کئے جائیں جبکہ تمام محکمے بہترین کوارڈینیشن سے کام کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خدانخواستہ دوبارہ سیلابی صورتحال میں انسانی جانوں اور مویشیوں کا تحفظ اور املاک کا کم سے کم نقصان یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اپنے آلات، مشینری و دیگر سامان کا آڈٹ کریں اور اسے تیار رکھیں جبکہ مزید سامان اور ضروریات کے حوالے سے اپنی متعلقہ اتھارٹیز کو بھی آگاہ کیا جائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر سلیمان، اے سی وہاڑی انعم اکرم، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید، ڈی ڈی زراعت توسیع رانا محمد عارف، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سلمان حسن، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ محمد افضال، ڈی ڈی پی آر میاں نعیم عاصم، ایکسین انہار ہیڈ اسلام جاوید رسول، آر ایس او ریسکیو 1122 سجاد احمد، سی ڈی او محمد ریحان، ایس این اے منیب احمد، ایس ڈی اوز محکمہ انہار اشعر طارق، محمد احمد، سہیل افتخار، محمد یار قادری اور دیگر افسران موجود تھے۔
