وہاڑی (شمعون نذیر کھوکھر) محکمہ سکول ایجوکیشن وہاڑی کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ایچ بلاک وہاڑی اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول 35 ڈبلیو بی میں "معرکۂ حق” کی کامیابی کے حوالے سے تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ تقریبات میں طلبہ و طالبات نے تقاریر، مباحثوں، ٹیبلو اور ملی نغموں کے ذریعے وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور پاک فوج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ایچ بلاک میں تقریب کی صدارت پرنسپل رفعت نسیم نے کی جبکہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول 35 ڈبلیو بی میں ہیڈ ماسٹر عبد الخالق تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔طالبات نے مختلف پروگرامز کے ذریعے پاک فوج کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں نکالی جانے والی ریلی میں شرکاء نے "معرکۂ حق میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وطن سے وابستگی کا عملی مظاہرہ کیا۔
ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اتحاد، ایمان، نظم و ضبط، پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد جیسے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل رفعت نسیم نے کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کی مسلح افواج کے عزم، حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے جس نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر ملکی سلامتی کو یقینی بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی اتحاد اور نظریاتی یکجہتی ملک کے استحکام کے لیے ناگزیر ہیں، اور اس طرح کی سرگرمیاں نئی نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
