وہاڑی (شمعون نذیر کھوکھر سے) ینگ جرنلسٹ گروپ وہاڑی کے صدر، سینئر صحافی و معروف کالم نگار چودھری احسان باری کی صاحبزادی ایمان باری نے بین الاقوامی سطح پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ ایمان باری نے انٹرنیشنل آرٹ ڈویلپمنٹ کونسل (IADC) کے زیرِ اہتمام منعقدہ 79ویں یومِ آزادی پاکستان انٹرنیشنل آرٹ مقابلہ 2026 میں دنیا بھر سے شریک ہونے والے 100 سے زائد باصلاحیت فنکاروں کے درمیان شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ انہیں اعزازی سرٹیفکیٹ آف اپریسی ایشن سے بھی نوازا گیا۔اس بین الاقوامی آرٹ مقابلے کی مرکزی تھیم "Paint for Pakistan” تھی، جس میں ایمان باری نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان سے محبت، آزادی، امن اور ایمان کے خوبصورت جذبات کو رنگوں کے ذریعے اجاگر کیا۔

ان کی تخلیق میں سبز روحانی پس منظر پر کلمۂ طیبہ کی خوبصورت خطاطی پیش کی گئی، جبکہ غلامی کی زنجیریں توڑ کر آزادی کی فضا میں پرواز کرتے سفید پرندوں کے ذریعے آزادی، امن اور خودمختاری کا ایک خوبصورت اور فکری پیغام دیا گیا۔ ایمان باری کے اس فن پارے کو بین الاقوامی جیوری نے بے حد سراہا اور دادِ تحسین سے نوازا۔ایمان باری کے والد، سینئر صحافی و کالم نگار چودھری احسان باری نے اپنی صاحبزادی کی عالمی سطح پر نمایاں کامیابی پر انتہائی مسرت اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور صحافی انہوں نے ہمیشہ لفظوں کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا، مگر ان کی بیٹی نے رنگوں اور برش کے ذریعے پاکستان سے محبت، آزادی اور ایمان کی داستان جس خوبصورت انداز میں رقم کی ہے، وہ ان کے لیے ایک بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کی کامیابی والدین کے لیے سب سے بڑا سرمایہ اور اعزاز ہوتی ہے، ایمان باری کی یہ کامیابی صرف خاندان ہی نہیں بلکہ پورے وہاڑی اور پاکستان کے لیے باعثِ مسرت و فخر ہے۔ انہوں نے اپنی صاحبزادی کے روشن مستقبل اور علم و فن کے میدان میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔ایمان باری کی اس بین الاقوامی کامیابی پر ینگ جرنلسٹ گروپ میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ گروپ لیڈر ڈاکٹر عرفان چودھری، جنرل سیکرٹری مبشر مجید مرزا اور دیگر گروپ ممبران نے صدر چودھری احسان باری کو ان کی صاحبزادی کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایمان باری کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چودھری احسان باری کے بھائی ذوالفقار باری، وسیم باری اور وقار باری نے بھی اپنی بھتیجی ایمان باری کی شاندار کامیابی پر اپنے بھائی احسان باری اور پوری فیملی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایمان باری نے اپنی صلاحیتوں اور محنت سے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ وہاڑی اور پاکستان کا نام بھی عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔صحافتی و سماجی حلقوں نے کہا کہ فخرِ وہاڑی اور سینئر صحافی غلام باری مرحوم کے خاندان کے لیے یہ ایک بڑا اعزاز ہے کہ ان کی پوتی ایمان باری نے بین الاقوامی سطح پر اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے چودھری احسان باری اور ان کی صاحبزادی ایمان باری کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کا علم، ادب اور فن کے میدان میں ملک کا نام روشن کرنا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔صحافتی، سماجی اور دیگر حلقوں کی جانب سے چودھری احسان باری اور ایمان باری کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ایمان باری کو علم و فن کے میدان میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور وہ مستقبل میں بھی اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرتی رہیں۔
