لاہور (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال اور طوبیٰ انور کے بعد اداکارہ عروبہ مرزا نے بھی رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا۔
اداکارہ عروبہ مرزا نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ثاقب چدھڑ سے منسوب انسٹاگرام میسجز کے اسکرین شاٹس شیئر کیے جس میں مبینہ طور پر ثاقب چڈھر کی جانب سے اداکارہ کو رابطے کیلئے کیے گئے میسجز شامل ہیں۔
مشتبہ اسکرین شارٹس میں ثاقب چدھڑ نے عروبہ مرزا سے اسنیپ چیٹ پر بات جاری رکھنے کی درخواستیں اور متعدد بار رابطے کی کوششیں کیں۔
اسکرین شاٹس کے ساتھ اداکارہ نے لکھا کہ مومنہ اقبال اور طوبیٰ انور کے بعد اب میں بھی۔
واضح رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر ثاقب چدھڑ کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کی تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کررہی ہے۔
اداکارہ مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، ذہنی دباؤ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔
دوسری جانب حال ہی میں اداکارہ طوبیٰ انور کی جانب سے بھی رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ پر بطور تحفہ آئی فون دینے کی پیشکش کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
