وہاڑی (شمعون نذیر کھوکھر سے) 14 ڈبلیو بی کی رہائشی سمیرا بی بی زوجہ عبدالغفور گزشتہ آٹھ روز سے پراسرار طور پر لاپتہ ہیں، جس پر اہل خانہ شدید پریشانی اور ذہنی اذیت کا شکار ہو گئے۔ لاپتہ خاتون کے لواحقین انصاف کے حصول کے لیے پریس کلب پہنچ گئے اور ڈی پی او وہاڑی و آر پی او ملتان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سمیرا بی بی کے لواحقین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 14 ڈبلیو بی کے رہائشی ہیں اور محنت مزدوری کر کے گزر بسر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سمیرا بی بی آٹھ دن قبل گھر سے نکلی تھیں مگر واپس نہ آئیں، جس کے بعد اہل خانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش شروع کی لیکن کوئی سراغ نہ مل سکا۔
اہل خانہ کا کہنا تھا کہ وہ متعدد بار متعلقہ حکام سے رجوع کر چکے ہیں تاہم تاحال کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ خاتون کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے، اس لیے پولیس فوری طور پر جدید خطوط پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون کی بازیابی یقینی بنائے۔
لواحقین نے ڈی پی او وہاڑی اور آر پی او ملتان سے اپیل کی کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور سمیرا بی بی کو جلد از جلد بازیاب کرا کے اہل خانہ کی پریشانی دور کی جائے۔
