وہاڑی(ملک عامر بشیر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ”کھیلتا پنجاب” کے تحت صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کی ہدایات پر ضلع وہاڑی میں انٹر تحصیل کبڈی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ان مقابلوں میں ضلع وہاڑی کی تینوں تحصیلوں، وہاڑی، بوریوالا اور میلسی کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایس ڈی او پیرا فورس نور محمد تھے جبکہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد عاصم بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شائقین نے کبڈی کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں سے بھرپور لطف اٹھایا اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ایس ڈی او پیرا نور محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت کبڈی کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ کبڈی پاکستان کا روایتی اور مقبول کھیل ہے اور اس کے فروغ سے نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے خوشی کا اظہار بھی کیا۔کبڈی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ تحصیل وہاڑی اور تحصیل بوریوالا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد تحصیل وہاڑی کی ٹیم نے 31 کے مقابلے میں 23 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔میچ کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے جیتنے والی وہاڑی ٹیم کو 20 ہزار روپے نقد انعام اور ٹرافی جبکہ رنر اپ بوریوالا ٹیم کو 15 ہزار روپے نقد انعام اور ٹرافی تقسیم کیں۔ کامیاب ٹیم اب ملتان میں ہونے والے انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی مقابلوں میں ضلع وہاڑی کی نمائندگی کرے گی۔
