لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق حسن علی کو اتوار کو لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا۔
کراچی کنگز کے حسن علی نے 19 ویں اوور میں لاہور قلندرز کے حسیب اللہ کو آؤٹ کرنے کے بعد کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی، میچ ریفری نے حسن علی کو میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا، حسن علی نے میچ ریفری کے سامنے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ حسن علی نے کوڈ آف کنڈکٹ کی لیول ون کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کی یہ خلاف ورزی میچ میں آوٹ کرنے کے بعد اکسانے کے لیے زبان استعمال کرنے ، ایکشن اور اشارے کرنے کے حوالے سے ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں کھیلےگئے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست سے دی۔
لاہور قلندر ز نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 128رنز بنائے،کراچی کنگز نے 129 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
