لاہور (مبشر مجید مرزا سے) سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے کے تعاون سے مسلم ہینڈز ایجوکیشنل کمپلیکس میں ابھرتے ہوئے نوجوان فٹبال کھلاڑیوں میں سپورٹس شوز تقسیم کیے گئے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو ضروری کھیلوں کا سامان فراہم کرکے ان کی حوصلہ افزائی کرنا، خود اعتمادی کو فروغ دینا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے کے چیئرمین حافظ محمد اسلم حق نے کہا کہ نوجوان نسل ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہے، انہیں تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیل نوجوانوں میں خود اعتمادی، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت طرزِ فکر پیدا کرتے ہیں۔ سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔حافظ محمد اسلم حق نے پاکستان کے نوجوان اسکواش کھلاڑی اذان خان کی بین الاقوامی جونیئر اسکواش مقابلوں میں شاندار کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان ٹیلنٹ اور صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ مناسب سرپرستی، وسائل اور مواقع میسر ہوں تو ہمارے نوجوان بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔مسلم ہینڈز پاکستان کے ہیڈ آف میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز ریحان طاہر نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں کھیلوں کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مسلم ہینڈز نوجوانوں کی تعلیمی، سماجی اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے اپنے شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم ہینڈز پاکستان، وزیراعظم یوتھ پروگرام اور سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے باہمی اشتراک سے نوجوانوں کی ترقی، فلاح و بہبود اور کھیلوں کے فروغ کے لیے مختلف منصوبوں اور اقدامات پر کام کر رہے ہیں۔ ان مشترکہ کاوشوں کا مقصد نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا، ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں مثبت و تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے
