وہاڑی (شمعون نذیر سے) تھانہ مترو کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کے بعد ملزمان کے تعاقب کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے پولیس کانسٹیبل محمد رمضان نشتر اسپتال ملتان میں دو روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ ان کے ساتھی کانسٹیبل محمد زبیر تاحال نشتر اسپتال ملتان میں زیرِ علاج ہیں۔ وہاڑی پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنے ایک اور بہادر سپوت کو کھو دیا۔
تفصیلات کے مطابق 24 نومبر کی رات تھانہ مترو کی حدود میں ڈکیتی کی اطلاع پر پولیس پارٹی ملزمان کے تعاقب میں مصروف تھی کہ اس دوران تین نامعلوم مسلح ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش پر ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد رمضان اور کانسٹیبل محمد زبیر شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال وہاڑی منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت کے پیشِ نظر انہیں نشتر اسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔ کانسٹیبل محمد رمضان دو روز تک زیرِ علاج رہنے کے بعد شہید ہو گئے، جبکہ کانسٹیبل محمد زبیر تاحال زیرِ علاج ہیں۔
شہید کانسٹیبل محمد رمضان نے 2018 میں محکمہ پولیس میں بطور کانسٹیبل شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے فرض شناسی اور بہادری کی مثال قائم کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کانسٹیبل محمد رمضان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پنجاب پولیس شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ شہید کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود اور دیکھ بھال کا بھرپور خیال رکھا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے زخمی کانسٹیبل محمد زبیر کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔دوسری جانب ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے شہید کانسٹیبل محمد رمضان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے ڈاکوؤں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جان قربان کی۔ وہاڑی پولیس اپنے بہادر سپوت کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔شہید کانسٹیبل محمد رمضان کی قربانی محکمہ پولیس کی فرض شناسی، بہادری اور عوام کے تحفظ کے عزم کی یادگار مثال ہے۔ ایک محافظ نے دوسروں کی زندگیوں اور حفاظت کی خاطر اپنی جان قربان کر دی۔ ایسے بہادر جوان قوم کا سرمایہ اور اپنے محکمے کا فخر ہوتے ہیں، جن کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔سرخ سلام شہید کانسٹیبل محمد رمضان!
