لاہور (مبشر مجید مرزا سے) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی سرپرستی میں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی مادرِ علمی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے توانائی میں خود کفالت اور ماحولیاتی پائیداری کی جانب ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔ صوبائی وزیر توانائی، کھیل و امورِ نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر نے یونیورسٹی میں 920 کلوواٹ سولر پاور سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری توانائی پنجاب محمد اجمل بھٹی، منیجنگ ڈائریکٹر پیکا احمد عبدالرحمان، اعلیٰ سرکاری افسران، یونیورسٹی انتظامیہ، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور کھیلوں کے میدان میں نمایاں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مزید ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے بالخصوص طالبات کے لیے کھیلوں کی جدید سہولیات کی فراہمی، سپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری اور یونیورسٹی کے شعبہ کھیل کی ترقی کے لیے مزید اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان، باصلاحیت اور متحرک وزراء کو اہم ذمہ داریاں سونپنا اور ان کی عملی کارکردگی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچانا وزیراعلیٰ پنجاب کی دوراندیش قیادت کا عکاس ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر کی توانائی اور کھیلوں کے شعبوں میں عملی کارکردگی اور اقدامات کو بھی سراہا۔

وائس چانسلر نے سیکرٹری توانائی پنجاب محمد اجمل بھٹی، پنجاب انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی (پیکا) اور اس کی پوری ٹیم کے تعاون اور منصوبے کی کامیاب تکمیل پر خصوصی اظہارِ تشکر کیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر پیکا احمد عبدالرحمان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی متحرک قیادت، ادارہ جاتی وژن اور منصوبے کی کامیاب تکمیل میں یونیورسٹی انتظامیہ کے مؤثر تعاون کو سراہا۔
920 کلوواٹ کے اس سولر پاور سسٹم سے سالانہ 12 لاکھ 40 ہزار یونٹس ماحول دوست بجلی کی پیداوار، 6 کروڑ 82 لاکھ روپے کی متوقع بچت اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 437.72 میٹرک ٹن سالانہ کمی متوقع ہے۔
اس منصوبے کی تکمیل کے ساتھ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے خواتین کی جامعات میں گرین کیمپس کے قیام کی جانب ایک مثالی پیش رفت کی ہے۔ یہ منصوبہ حکومت پنجاب اور یونیورسٹی کے مابین مؤثر اشتراک، توانائی میں خود کفالت، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کا عملی مظہر ہے۔
