لاہور(میاں فیصل سلیم سے) تحریک منہاج القرآن کے فلاحی ادارے آغوش آرفن کیئر ہوم کے زیرِ اہتمام منعقدہ پُروقار افطار ڈنر کی تقریب میں فارغ التحصیل طلبہ نے ’’آغوش کمیونٹی کلب‘‘ کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال سمیت سابق طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال نے اپنے خطاب میں کمیونٹی کلب کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ادارے سے مضبوط وابستگی اور احساسِ ذمہ داری کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آغوش کے فارغ التحصیل طلبہ آج جس مقام پر کھڑے ہیں، وہ ان کی محنت،عزم اور ادارے کی معیاری تربیت کا ثمر ہے،انہوں نے کہاکہ سابق طلبہ آنے والی نسلوں کی تعلیمی ،اخلاقی اور عملی رہنمائی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ آغوش کمیونٹی کلب سابق طلبہ کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گا جہاں سے وہ فلاحی سرگرمیوں، باہمی تعاون کی مضبوطی اور سماجی خدمت کے منصوبوں کو منظم انداز میں آگے بڑھا سکیں گے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کے جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں صدر آغوش کمیونٹی کلب محمد صیاب بیگ، نائب صدر محمد اعظم اور جنرل سیکرٹری محمد یوسف نے کلب کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد سابق طلبہ کو باہم مربوط رکھنا، فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور آغوش کے موجودہ بچوں کی تعلیمی و عملی رہنمائی کرنا ہے۔تقریب کے دوران کمیونٹی کلب کی کور ٹیم کو بیجز پیش کیے گئے جبکہ آغوش کے زیرِ کفالت بچوں میں خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں پُرتکلف افطار ڈنر دیا گیا جہاں شرکاء نے باہمی ملاقاتوں کے دوران یادیں تازہ کیں اور ادارے سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔
