وہاڑی(ذیشان چوہدری سے)یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ضلع وہاڑی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں پرچم کشائی اور یکجہتی ریلی شامل تھی۔ مرکزی تقریب ضلع کونسل میں منعقد ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال نے قومی پرچم بلند کیا
تقریب کے دوران قومی ترانہ بجایا گیا جبکہ پولیس کے مستعد دستے نے سلامی پیش کی۔ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔بعد ازاں کشمیر سے یکجہتی کے اظہار کے لیے ایک ریلی نکالی گئی جو ضلع کونسل سے شروع ہو کر وی چوک تک پہنچی۔ ریلی میں شریک افراد نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم تھام رکھے تھے اور کشمیری عوام کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے جبکہ بھارتی مظالم کی مذمت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام کے ساتھ اخلاقی اور سفارتی حمایت کے اظہار کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیر کے معاملے پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ڈی پی او تصور اقبال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کے جذبۂ حریت کو طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں قابلِ تشویش ہیں اور دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم، سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا
