وہاڑی ( حاجی شمعون نذیر سے) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن وہاڑی نے ایف بی آر اور پولیس کے ہمراہ پیپلز کالونی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ سگریٹس کی بھاری کھیپ پکڑ لی۔ کارروائی انتہائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی جس میں متعدد محکموں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔اپریشن کی قیادت ڈسٹرکٹ آفیسر ایکسائز مہر بشیر احمد کھرل نے کی، جبکہ اے سی ایف بی آر رانا سجاد حسین، ایکسائز انسپکٹر عامر ملک، انسپکٹر ایکسائز عمران فاضل، انسپکٹر ایف بی آر محمد اسد سمیت پولیس افسران بھی شریک تھے۔ کارروائی کے دوران برآمد کی گئی سگریٹس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔ڈسٹرکٹ آفیسر ایکسائز مہر بشیر احمد کھرل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن وہاڑی، ایف بی آر اور پولیس کے ہمراہ بلا تفریق کارروائیاں کر رہا ہے اور یہ سلسلہ مزید تیزی سے جاری رہے گا۔ وہاڑی میں سمگلنگ، نان کسٹم پیڈ سگریٹس اور دیگر غیر قانونی کاروبار کی کوئی جگہ نہیں۔ جو بھی شخص اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا عوام الناس غیر قانونی نان کسٹم پیڈ سگریٹس یا دیگر سمگل شدہ اشیا کے کاروبار میں ملوث عناصر کی نشاندہی کریں۔ محکمہ ایکسائز ان کے خلاف بلاخوف و بلا امتیاز بھرپور کارروائیاں کرے گا محکمہ ایکسائز نے واضح کیا ہے کہ ضلعی سطح پر سمگلنگ کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشنز کو مزید وسعت دی جائے گی
