وہاڑی (حکیم شمعون نذیر سے) ضلع وہاڑی میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی تصور اقبال نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری ایکشن شروع کر دیا ہے۔ ڈی پی او نے متعلقہ ایس ایچ اوز کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور ٹریسنگ کے خصوصی ٹاسک دے دیے ہیں۔ڈی پی او وہاڑی کی ہدایت پر آئی ٹی برانچ اور دیگر ٹیکنیکل ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں جو سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد اکٹھے کر رہی ہیں، جبکہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی مزید سخت اور گشت کے نظام میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی خصوصی ٹیموں کی جانب سے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔یاد رہے کہ ماچھیوال میں پاک مدینہ آٹوز پر سرِشام ہونے والی ڈکیتی کی بڑی واردات میں مسلح ملزمان لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے تھے، جس کے بعد تاجر برادری نے شدید تشویش اور احتجاج کا اظہار کیا تھا۔ مرکزی انجمن تاجران وہاڑی اور ماچھیوال کی تاجر برادری نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تھانہ ماچھیوال کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے تھے۔
ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گ
