وہاڑی(ملک عامر بشیر سے) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، جعلی دودھ تیار کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب، 4000 لیٹر مصنوعی دودھ تلف، 2 ملزمان گرفتار، مقدمات درج۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق وہاڑی کے علاقوں موضع ڈھلو میلسی اور موضع حسن شاہ کرم پور میں جعلی دودھ تیار کرنے والے 2 یونٹس پر کارروائیاں کی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران 4000 لیٹر مصنوعی دودھ تلف کر دیا گیا جبکہ 75 کلو پاؤڈر، 40 لیٹر ویجیٹبل آئل اور بھاری مقدار میں مکسنگ مشینری اور سٹوریج مٹیریل قبضے میں لے لیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملزمان پاؤڈر، ویجیٹبل آئل اور دیگر ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ سے دودھ نما سفید محلول تیار کر رہے تھے جس سے ہزاروں لیٹر مضر صحت دودھ تیار کر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔
کارروائی کے دوران 2 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف فوڈ سیفٹی قوانین کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے جبکہ دیگر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ دودھ ایک مکمل غذا ہے اور اس میں جعل سازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، بچوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت سے سخت ایکشن جاری رہے گا۔
