لاہور (میاں فیصل سلیم سے) حضرت علیؓ کا یومِ شہادت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس موقع پر آج مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد، جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
کراچی میں صدر کی مختلف سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، کراچی سے یوم شہادت علیؓ کا مرکزی جلوس مجلس عزا کے بعد نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
حیدرآباد
حیدر آباد سے یوم علیؓ کا مرکزی جلوس انجمن امامیہ سندھ کے زیر اہتمام کربلا دادن شاہ سے بعد از نماز بعد از نماز ظہرین برآمد ہوگا۔
جلوس مقرر کردہ راستوں سے ہوتا ہوا افطار کے وقت قدم گاہ مولا علی پر اختتام پذیر ہوگا، اس موقع پر جلوس روٹ سمیت شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کراچی میں یوم علی کے جلوس کے روٹ اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور سکیورٹی کےغیرمعمولی انتظامات یقینی بنا نے کی ہدایت کردی۔
راولپنڈی
راولپنڈی میں یوم علی کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا، پشاور میں یوم علی کا جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ پر ختم ہو گیا، جلوس کوچی بازار سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ سید عالم شاہ پر اختتام پزیر ہوا۔
لاہور میں مرکزی جلوس رواں دواں
یومِ علیؓ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوگیا ہے جو اپنے قدیمی اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے قریب کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کے موقع پر 8 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ جلوس کی حفاظت کے لیے چار درجاتی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق جلوس میں شریک ہونے والے عزاداروں کو چار مختلف مقامات پر چیکنگ کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے، اس کے علاوہ سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے بھی جلوس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے راستوں سے منسلک تمام گلیوں اور سڑکوں کو خاردار تاروں، ٹینٹ اور کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
