وہاڑی( نمائندہ خصوصی)شہریوں کو حرام گوشت بیچنے والوں کے گرد پنجاب فوڈ اتھارٹی کا گھیرا تنگ، فوڈ سیفٹی ٹیم اور پولیس نے تاج سٹی 45 والا روڈ پر مردہ جانور کو گھر میں زبح کرتے ہوئے پکڑلیا، 10 من مردہ جانور کا گوشت تلف، ملزم کیخلاف ایف آئی آر درج، پولیس نے موقع سے گرفتار کرلیا۔۔
تفصیل کے مطابق شہریوں کو مردہ اور حرام گوشت کھلانے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیم اور پولیس نے تاج سٹی کے قریب ایک گھر میں مردہ جانور کا گوشت ذبح کرتے ہوئے پکڑلیا۔ مردہ جانور کا گوشت انتہائی بدبودار اور انسانی صحت کیلئے نقصان دہ پایا گیا۔ مضر صحت جانور کا گوشت مختلف مقامات پر ہوٹلوں اور پکوان سنٹرز سپلائی کیا جانا تھا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے مضر صحت گوشت موقع پر تلف کرکے ملزم کیخلاف تھانہ صدر میں ایف آئی آر درج کروادی جبکہ ملزم کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں صحت دشمنوں کا تعاقب کرکے کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔
