راولپنڈی( سٹاف رپورٹر) افغانستان کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے جواب میں پاکستانی فورسز کا آپریشن غضب للحق جاری ہے جس میں اب تک ایک سوتیتس طالبان ہلاک اور دوسو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔پاک فوج نے افغان طالبان کی ستائیس پوسٹیں مکمل تباہ کردیں، نو ،پر پاک فوج نے قبضہ کر لیا، مؤثرجوابی کارروائی میں چھتیس سے زائد ٹینک تباہ کر دیئے گئے، افغان طالبان کی آرٹلری گنز اور اے پی سیز تباہ کردی گئیں،افغان طالبان کئی چوکیاں اور ٹھکانے چھوڑ کر بھاگ نکلے۔سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ چن چن کر افغان طالبان کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاک فوج کے ہاتھوں ہزیمت پر افغان طالبان کے سول آبادی پر حملے شروع کر دیئے، باجوڑ میں مارٹر گولے گرنے سے تین خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔افغان طالبان کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آگئی، باجوڑ میں مسجد کو بھی نشانہ بنا ڈالا،سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی شیلنگ سے مسجد کی چھت اور دیگر حصے بری طرح متاثر ہوئے،واضح رہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر افغان طالبان نے بلا اشتعال فائرنگ کی، افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاک افغان بارڈر پر بلااشتعال کارروائی کا فوری اور مؤثر جواب دیا گیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وزارت اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ افغان طالبان نے خیبرپختونخوا میں پاک افغان بارڈر کے متعدد مقامات پر بلااشتعال فائرنگ کی، سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر،ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر چکوال پر بھرپور جواب دیا۔
