لاہور(نعیم عزیز سے) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیرِ اہتمام ایوانِ اقبال میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک بڑے کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کر کے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ کنونشن میں مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، نائب صدر حافظ طلحہ سعید، حافظ خالد نیک گجر صدر لاہور انجینئر عادل خلیق، ملک اعجاز، ، ناصر محمود گھمن، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، سٹی صدر معاذ اشتیاق، صدر ماڈل ٹاؤن حافظ نوید، عمر فاروق گجر، حافظ راشد سندھو اور عمر عبدالعزیز سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ کشمیر تقسیمِ برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا، جو آج بھارت کے غیر قانونی قبضے میں ہے۔ قائدین کا کہنا تھا کہ کشمیر پر بھارتی تسلط نہ صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے بلکہ پاکستان کے آبی وسائل، سلامتی اور بقا کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔
قائدین نے 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر آئینی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے غیر قانونی قبضے کو مضبوط کرنے کی کوشش کی، جبکہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک اور مجرمانہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستِ پاکستان سفارتی سطح پر فعال کردار ادا کرے اور دوست ممالک، عالمی اداروں اور عالمی طاقتوں کے ساتھ مل کر کشمیر کا مقدمہ مؤثر انداز میں عالمی فورمز پر اٹھائے، جبکہ کشمیر کمیٹی کو بھی مکمل طور پر فعال کیا جائے
