وہاڑی،بوریوالا(شمعون نذیر کھوکھر سے)ضلع وہاڑی کی حدود میں دو مختلف مقامات پر پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان مبینہ پولیس مقابلوں میں دو ریکارڈ یافتہ ملزمان زخمی ہو گئے، جبکہ ان کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پہلا واقعہ تھانہ ٹھینگی کی حدود میں پیش آیا جہاں پولیس ٹیم 159 ڈبلیو بی ناکہ بندی پوائنٹ پر موجود تھی۔ پولیس نے دو مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے رکنے کی بجائے سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ دوسرا ملزم فرار ہو گیا۔پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت فیاض ولد ریاض قوم جوئیہ سکنہ 95 ڈبلیو بی کے نام سے ہوئی جو 32 مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔ اس کے قبضہ سے چوری شدہ موٹر سائیکل اور 30 بور پستول برآمد کر لیا گیا۔ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔دوسرا واقعہ بوریوالا کے علاقے تھانہ فتح شاہ کی حدود میں پیش آیا جہاں پولیس کو اطلاع ملی کہ بگی پلی کے قریب پانچ نامعلوم ملزمان واردات کی نیت سے موجود ہیں۔ پولیس کے پہنچنے پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے مؤثر جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ کے دوران ایک ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جبکہ چار ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ملزم کی شناخت مختیار ولد اقبال سکنہ جھلن موڑ آرائیں ضلع بہاولنگر کے نام سے ہوئی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق وہ ڈکیتی و رابری کے 17 مقدمات میں ملوث اور ایک مقدمہ میں اشتہاری بھی تھا۔ موقع سے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق دونوں واقعات کے زخمی ملزمان کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
