فرانس(محمد فیضان منشا سے )دنیا کو آپس میں بانٹنے کا واضح رُجحان نظر آرہا ہے ، میکرون کی عالمی سیاست پر کڑی تنقید۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے عالمی سیاست کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کی دنیا بڑی طاقتوں کی کشمکش میں گھر چکی ہے، جہاں ’’دنیا کو باہمی مفادات کے تحت تقسیم کرنے‘‘ کا کھلا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، پیرس میں سفیروں اور سفیراؤں کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میکرون نے کہا کہ عالمی طاقتیں ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں جہاں ہر ملک اپنے سیاسی، اسٹریٹجک اور اقتصادی اثر و رسوخ کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، جس سے عالمی نظام عدم توازن اور خطرناک سمت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عالمی طاقتوں کی یہ روش برقرار رہی تو چھوٹے اور درمیانے ممالک سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، میکرون نے یورپ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سفارتی پالیسی، دفاعی حکمتِ عملی اور عالمی کردار کو مضبوط بنائے تاکہ بدلتی دنیا میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔
