وہاڑی (شمعون نذیر سے)ضلع وہاڑی سے تعلق رکھنے والی مسیح برادری کی معروف اور قابل فخر شخصیت، ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں بطور ڈسٹرکٹ ناظر خدمات سرانجام دینے والے جمیل مسیح کو گریڈ 17 میں ترقی ملنے پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کی یہ ترقی ان کی محنت، دیانتداری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور طویل عرصہ پر محیط شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت قرار دی جارہی ہے۔
جمیل مسیح نے دورانِ ملازمت نہایت فرض شناسی، نظم و ضبط اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیے۔ ان کی خدمات کو اعلیٰ عدالتی حکام کی جانب سے ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں گریڈ 17 میں ترقی سے نوازا گیا۔ان کی اس نمایاں کامیابی پر عدالتی افسران، وکلاء برادری، عدالتی عملہ، مسیح کمیونٹی اور سماجی حلقوں کی جانب سے دلی مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مقررین کا کہنا ہے کہ جمیل مسیح کی ترقی نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری مسیح برادری اور ضلع وہاڑی کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ محنت اور لگن سے ہر منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔مبارکباد دینے والوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ جمیل مسیح آئندہ بھی اسی جذبے، دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے محکمہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری اور ضلع وہاڑی کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
