اسلام آباد : اسکن وائٹننگ کریمز کے متعدد مشہور برانڈز میں مرکری کی خطرناک مقدار پائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے چہرے کی رنگت گورا کرنے والی کریموں اور لوشن کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔
کمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسکن وائٹننگ کریمز کے متعدد مشہور برانڈز میں مرکری (Mercury) کی خطرناک مقدار پائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔
کمپٹیشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسکن وائٹننگ کریمز کے کئی مشہور برانڈز میں ممنوعہ مرکری کا استعمال کرتے ہیں اور کریموں کی مارکیٹنگ میں مرکری کے استعمال بارے نہیں بتایا جاتا۔
دنیا کے متعدد ممالک میں کاسمیٹکس میں مرکری کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے، "فئیرنس”، "گلو” اور "لائٹننگ” جیسے دعوے کرنے والی کئی مصنوعات میں ممنوعہ مرکری کی مقدار شامل ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق کاسمیٹکس میں شامل مرکری سے اعصابی امراض، جلدی بیماریوں اور گردوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے۔
سی سی پی کے مطابق ایسی غیر معیاری اور خطرناک پراڈکٹس فروخت کرنے والی کمپنیوں پر 7 کروڑ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
کمیشن نے کہا کہ غیر معیاری مصنوعات فروخت کرنے والی کمپنیوں کی وجہ سے معیاری برانڈز متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے صارفین کی صحت کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
